انڈونیشیا میں7.7 شدت کا زلزلہ،سونامی کی وارننگ جاری

انڈونیشیا میں7.7 شدت کا زلزلہ،سونامی کی وارننگ جاری

انڈونیشیا کے شمالی ساحل کے قریب ہفتے کی صبح 7.7 شدت کا شدید زلزلہ آیا، جس کے بعد حکام نے سونامی کے خطرے کے پیش نظر وارننگ جاری کردی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 58 منٹ پر آیا۔ زلزلے کی گہرائی تقریباً 35 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز فلوریس جزیرے کے قریب سمندر میں بتایا گیا ہے۔

شدید زلزلے کے بعد امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 5.9، 5.6 اور 6.1 شدت کے تین آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔ مسلسل جھٹکوں کے باعث ساحلی علاقوں میں رہنے والے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور حکام نے ممکنہ مزید جھٹکوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :کولمبیا میں تباہ کن زلزلہ، 111 افراد ہلاک، عمارتیں منہدم، ہنگامی حالت نافذ

انڈونیشیا کی موسمیات، آب و ہوا اور جیو فزکس ایجنسی نے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ساحل اور دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام نے متاثرہ ساحلی علاقوں کے مکینوں کو ممکنہ سونامی کے خطرے کے پیش نظر محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کا بھی کہا ہے۔

حکام کے مطابق سمندر میں آنے والے شدید زلزلے کے باعث بڑے پیمانے پر سمندری لہریں پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے اسی لیے ساحلی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو فوری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ ادارے سمندری سطح میں ہونے والی ممکنہ تبدیلیوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے ابتدائی اندازے کے مطابق زلزلے کے شدید جھٹکوں سے تقریباً 5 لاکھ افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بعض علاقوں میں جانی و مالی نقصان کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب انڈونیشین حکومت کی جانب سے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی حتمی تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔ امدادی ادارے اور مقامی حکام متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور نقصانات سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :جاپان میں 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ اور سونامی وارننگ جاری، میکسیکو میں بھی دھرتی کانپ اٹھی

زلزلے کے بعد حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سونامی کی وارننگ کو سنجیدگی سے لیں اور ساحلی علاقوں کی طرف واپس جانے سے گریز کریں۔ شہریوں کو مزید کسی ہنگامی صورتحال کی صورت میں مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کا کہا گیا ہے۔

انڈونیشیا بحرالکاہل کے گرد واقع زلزلہ خیز خطے میں شامل ہے جہاں زمین کی مختلف ارضیاتی پلیٹوں کی سرگرمی کے باعث زلزلے معمول کی بات ہیں۔ فلوریس جزیرے کے قریب آنے والے حالیہ زلزلے کے بعد بھی حکام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور سونامی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر احتیاطی اقدامات جاری ہیں

editor

Related Articles