امریکی ریاست نیویارک میں ایک جوڑے نے اپنے پالتو کتے کی آرام دہ زندگی کے لیے کروڑوں روپے مالیت کا گھر خریدا، اس پر مزید لاکھوں ڈالر خرچ کرکے اسے کتے کی ضروریات کے مطابق ڈھالا، مگر اب یہ شاہانہ گھر 29 لاکھ ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاورڈ اور سوز روبن نے 2019 میں نیویارک کے علاقے پاؤنڈ رج میں یہ گھر 18 لاکھ 25 ہزار ڈالر میں خریدا تھا۔
تقریباً 5 ہزار مربع فٹ پر پھیلا یہ گھر 2.76 ایکڑ رقبے پر قائم ہے اور اس میں چار بیڈروم موجود ہیں، لیکن اس گھر کی سب سے دلچسپ بات اس کا اصل مالک نہیں بلکہ وہ پالتو کتا ہے، جس کے لیے یہ سب کچھ کیا گیا۔ جوڑے نے یہ گھر اپنے بیئرڈڈ کولی نسل کے کتے، بسٹر، کے لیے خریدا تھا، کیونکہ فلوریڈا کی شدید گرمی اور نمی اس کے لیے موزوں نہیں تھی۔
گھر خریدنے کے بعد روبن خاندان نے تقریباً 20 لاکھ ڈالر مزید خرچ کرکے اس کی تزئین و آرائش کی اور اسے بسٹرز ریٹریٹ کا نام دے دیا۔ بسٹر کی سہولت کے لیے گھر میں کئی خاص انتظامات کیے گئے۔ سوئمنگ پول میں دو خصوصی سن شیلف بنائے گئے تاکہ وہ آرام سے پانی میں بیٹھ سکے، جبکہ گھر کے باہر مصنوعی گھاس اور باڑ سے گھرا ایک الگ کھیل کا میدان بھی تیار کیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گھر میں 9 ٹیلی ویژن بھی نصب کیے گئے تاکہ بسٹر اپنا پسندیدہ کارٹون پاؤ پیٹرول دیکھ سکے۔ ہاورڈ روبن کے مطابق بسٹر تیرتا بھی نہیں اور وہ خود بھی سوئمنگ پول استعمال نہیں کرتے، یعنی پول سمیت کئی سہولتیں صرف ان کے پالتو کتے کے لیے بنائی گئی تھیں۔
کچھ عرصے بعد سوز روبن کو دوبارہ فلوریڈا کی یاد ستانے لگی، جس کے بعد خاندان نے واپس فلوریڈا منتقل ہونے کا فیصلہ کرلیا اور بسٹر کے لیے تیار کیا گیا یہ عالیشان گھر فروخت کے لیے پیش کردیا۔ گھر کی قیمت 29 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ روبن خاندان نے گھر خریدنے اور اس کی تزئین و آرائش پر مجموعی طور پر تقریباً 38 لاکھ 25 ہزار ڈالر خرچ کیے، لیکن اب اسے اس سے کم قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ یوں بسٹر کے لیے بنایا گیا یہ شاہانہ گھر اب کسی نئے مالک کا منتظر ہے، اور شاید کسی ایسے نئے پالتو جانور کا بھی، جس کی زندگی اپنے مالکان کے لیے اتنی ہی خاص ہو۔