ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنی میسجز ایپ میں سامنے آنے والی سنگین خرابی دور کرنے کے لیے اپ ڈیٹ جاری کرنا شروع کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل میسجز میں کئی ہفتوں سے ایسی خرابی موجود تھی جس کے باعث پرانی اور غیر متعلقہ چیٹس کے پیغامات نئی گفتگو میں ظاہر ہو رہے تھے۔ بعض صارفین نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پرانے پیغامات غلط افراد تک پہنچ گئے۔
گوگل نے مسئلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خرابی دور کرنے کے لیے فکس جاری کر دیا گیا ہے، جو آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین تک پہنچ جائے گا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ مسئلہ خاص طور پر نئے فون میں پیغامات منتقل کرنے کے دوران سامنے آیا۔ متاثرہ صارفین کے مطابق ایپ بعض اوقات کسی دوسری گفتگو کے پرانے پیغامات کو نئی چیٹ، تصویر یا پیغام کے ساتھ منسلک کر دیتی تھی۔
یہ معاملہ اس وقت زیادہ تشویشناک ہوگیا جب بعض صارفین نے بتایا کہ پرانے پیغامات صرف اسکرین پر نظر نہیں آ رہے تھے بلکہ بعض صورتوں میں غلط وصول کنندگان کو بھی بھیجے گئے۔ گوگل نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ گوگل میسجز کا تازہ ترین ورژن استعمال کریں۔