امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو حوثیوں کے خلاف اسرائیل کی مدد لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اس معاملے میں سعودی عرب کے لیے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سعودی عرب اور اسرائیل کے ممکنہ تعاون پر بحث جاری ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق 16 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا سعودی عرب کو حوثیوں کے خلاف اسرائیلی مدد قبول کرنی چاہیے؟ اس پر امریکی صدر نے اثبات میں جواب دیا۔
ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی خوشگوار قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کا معاملہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کسی نئے معاہدے یا مذاکرات کی بحالی کا اعلان نہیں کیا۔
دوسری جانب اسرائیلی اخبار ہاریتز کی 13 اکتوبر کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے حوثیوں کے خلاف اسرائیلی فوجی مدد کی پیشکش قبول کرنے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ سعودی قیادت کو خدشہ ہے کہ اسرائیل کے ساتھ کھلے فوجی تعاون پر عوامی ردعمل منفی ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ابراہام معاہدوں کے تحت متعدد عرب ممالک نے امریکی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے، تاہم سعودی عرب نے اب تک اسرائیل کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا۔
حوثیوں کا عدن ایئرپورٹ کے قریب میزائل حملے
یمن میں کشیدگی کے دوران حوثیوں نے عدن ایئرپورٹ کے قریب واقع سعودی فوجی کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو عدن ایئرپورٹ کے قریب دو میزائل گرنے کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ دھماکوں کی آوازیں وہاں موجود صحافیوں نے بھی سنیں۔
حوثیوں کے مطابق میزائل حملے کا ہدف سعودی فوجی کمانڈ سینٹر تھا، جو سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے زیر انتظام علاقے میں واقع ہے۔ تاہم اس حملے میں جانی نقصان یا املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
عدن یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کا عبوری دارالحکومت ہے، جبکہ حوثی ملک کے شمالی علاقوں پر قابض ہیں اور یمنی حکومت اور سعودی حمایت یافتہ قوتوں کے ساتھ طویل عرصے سے لڑائی میں مصروف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سے ایک روز قبل عدن میں صدارتی محل کے احاطے پر حوثیوں کے حملے میں یمنی حکام نے پانچ افراد کی ہلاکت اور 16 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔