خیبرپختونخوا میں اب ناجائز تجاوزات کی کوئی جگہ نہیں رہی، دعوے اور وعدے نہیں ،کام ہوگا ، صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں تجاوزات کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
مردان کو خوبصورت، پرامن اور ٹریفک کے مسائل سے پاک بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے عملی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ، شہر کے مختلف علاقوں اور تجارتی مراکز میں تجاوزات کے خلاف ایک بڑا اور بلاامتیاز آپریشن شروع ، جس کا مقصد مردان کو ہر قسم کے ناجائز تجاوزات سے پاک کرنا ہے.
تخت بائی، کارلنگ، رستم اور گڑھی کپورہ میں کارروائیاں
مردان میں تمام سرکاری اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے اور بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے جن میں تخت بائی کی بات کی جائے تو وہاں گزشتہ روز بڑی مشینری کے ذریعے عارضی اور مستقل تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا اور بڑے پیمانے پر سرکاری اراضی کو واگزار کرا لیا گیا ہے۔
اسی طرح مردان شہر کے اندر بھی تجاوزات کے خلاف وقفے وقفے سے آپریشن جاری ہے جن میں کارلنگ، رستم اور گڑھی کپورہ جیسے دوسرے علاقوں میں بھی سرکاری اراضی کی نشاندہی کر کے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے.
مجموعی طور پر ضلع کی پانچوں تحصیلوں میں یہ ٹاسک دے دیا گیا ہے، جہاں بعض تحصیلوں میں آپریشن شروع ہو چکا ہے اور باقیوں میں بھی باقاعدہ شروع کیا جا رہا ہے.
بھاری مشینری کے ذریعے آپریشن جاری
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران کسی بھی قسم کی رعایت برتے بغیر عارضی اور مستقل تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے ہٹایا جا رہا ہے، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری زمینوں پر قائم ناجائز دکانوں، شیڈز اور ریڑھیوں کو فوری طور پر مسمار کر کے راستے عام لوگوں کی آمد و رفت کے لیے کھولے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن محض ایک عارضی اقدام نہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی اور روڈ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے ، ضلعی حکام نے واضح کیا ہے کہ مردان کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کیا جائے گا اور دوبارہ قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے خصوصی اقدامات
تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ شہر میں صفائی ستھرائی کا سلسلہ بھی بھرپور انداز میں جاری ہے ، مردان کے اہم راستوں پر خوبصورتی کو بڑھانے کے لیے بڑے بڑے گملے لگائے گئے ہیں، جبکہ ڈبلیو ایس سی (WSSM) کی جانب سے صفائی کا مربوط نظام فعال کرتے ہوئے باقاعدگی سے صفائی کی جا رہی ہے.
شہریوں اور تاجروں کے لیے ہدایت
ضلعی انتظامیہ نے تمام تاجروں، دوکانداروں اور عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خود سے تجاوزات ختم کر کے حکومتی اقدامات میں تعاون کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور عوام کو روزمرہ کی نقل و حرکت میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔
کسی بھی شہری علاقے میں سڑکوں پر قائم غیرقانونی تعمیرات کا بروقت خاتمہ قانون کی بالادستی قائم کرنے اور بنیادی انفراسٹرکچر کی تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہوتا ہے، اس قسم کے جامع اقدامات نہ صرف شہریوں میں انتظامیہ کا اعتماد بحال کرتے ہیں بلکہ مستقبل میں قانون شکنی کی حوصلہ شکنی بھی کرتے ہیں۔