برطانیہ کا آبنائے ہرمز کے تحفظ کیلئے ڈرونز، لڑاکا طیارے اور جنگی بحری جہاز بھیجنے کا اعلان

برطانیہ کا آبنائے ہرمز کے تحفظ کیلئے ڈرونز، لڑاکا طیارے اور جنگی بحری جہاز بھیجنے کا اعلان

برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کے لیے قائم کیے جانے والے کثیرالملکی دفاعی مشن میں جدید خودکار مائن ہنٹنگ آلات، جنگی طیارے اور جنگی جہاز بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے 40 سے زائد ممالک کے وزرا دفاع کے ساتھ ورچوئل اجلاس کے دوران کیا۔

جان ہیلی نے کہا کہ یہ مشن مناسب حالات میں فعال کیا جائے گا اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہ کثیرالملکی مشن دفاعی، خودمختار اور مؤثر ہوگا۔

برطانوی حکومت نے اس مشن کے لیے 11 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ کی نئی فنڈنگ مختص کی ہے، جو مائن ہنٹنگ ڈرونز اور کاؤنٹر ڈرون سسٹمز کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔ اس مشن کے لیے برطانیہ جدید خودکار مائن ہنٹنگ سسٹمز بھیجے گا، جو بحری بارودی سرنگوں کی شناخت اور انہیں ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس کے علاوہ، برطانوی رائل نیوی کا ’Beehive‘ سسٹم بھی اس مشن کے لیے بھیجا جائے گا، جو تیز رفتار خودکار ’Kraken‘ ڈرون کشتیوں کے ذریعے خطرات کی نگرانی اور ان کا مقابلہ کر سکتا ہے۔

برطانیہ کی فوجی پیکچ میں ٹائفون جنگی طیارے بھی شامل ہوں گے، جو آبنائے ہرمز پر فضائی گشت کے لیے تیار رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی برطانوی فوج کے خصوصی مائن کلیئرنس ماہرین بھی اس مشن کا حصہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ ایران مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہو گا،امریکی اخبار کا بڑا دعوی

رائل نیوی کا جنگی جہاز ایچ ایم ایس ڈریگن پہلے ہی مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ ہو چکا ہے اور اس کے عملے کو اضافی تربیت دی جا چکی ہے تاکہ جہاز کسی بھی ممکنہ آپریشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہو۔ برطانوی وزارت دفاع کے مطابق یہ جہاز جدید ’سی وائپر‘ فضائی دفاعی نظام اور کاؤنٹر ڈرون ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

یہ اقدام برطانوی حکومت کی طرف سے عالمی سطح پر امن اور جہاز رانی کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے، اور برطانوی وزارت دفاع کے مطابق یہ مشن بین الاقوامی پانیوں میں جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

Related Articles