ایران کے دارلحکومت تہران اور مازندران میں زلزلے کے شدید جھٹکے، الرٹ جاری

ایران کے دارلحکومت تہران اور مازندران میں زلزلے کے شدید جھٹکے، الرٹ جاری

ایران کے دارالحکومت تہران اور پڑوسی صوبے مازندران کے سرحدی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کی شدت ریختر اسکیل پر 4.6 ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایرانی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز تہران اور مازندران کا درمیانی علاقہ تھا، جبکہ اس کی گہرائی زمین میں صرف 10 کلومیٹر تھی۔ بعض مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ زلزلہ زمین کی سطح سے محض 8 کلومیٹر نیچے آیا، جس کی وجہ سے جھٹکے زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران جنگ میں ثالث نہیں لیکن ضرورت پڑنے پر مدد کیلئے تیار ہیں، روس کی پیشکش

زلزلے کے فوراً بعد شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات پر پناہ لی۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، ابتدائی جائزوں میں کسی جانی نقصان یا عمارتوں کے گرنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

تاہم انتظامیہ نے احتیاطی طور پر امدادی اداروں اور ہسپتالوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ تہران کے میئر اور ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ ٹیمیں متاثرہ علاقوں کا سروے کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان کا تخمینہ لگایا جا سکے۔

ایران دنیا کے ان خطوں میں شامل ہے جہاں زلزلے آنے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں کیونکہ یہ کئی بڑی ٹیکٹونک پلیٹس کے سنگم پر واقع ہے۔ تہران شہر کئی بڑی فالٹ لائنز (زمین کے اندر دراڑوں) پر بسا ہوا ہے۔ ماہرینِ ارضیات طویل عرصے سے متنبہ کر رہے ہیں کہ تہران میں کسی بھی وقت بڑا زلزلہ آنے کا خطرہ موجود ہے۔

ایران میں 2003 میں بام کے مقام پر آنے والے زلزلے نے 26000 سے زیادہ جانیں لی تھیں۔ اسی طرح 1990 میں رودبار اور منجیل کے زلزلے نے بھی وسیع پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔

تہران کے پرانے علاقوں میں مکانات کی تعمیرات زلزلہ پروف نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ 4.6 شدت کا زلزلہ بھی یہاں تشویش کی لہر دوڑا دیتا ہے۔

Related Articles