سید نذر حسین شاہ نے بطور چیف کمشنر خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن چارج سنبھال لیا

سید نذر حسین شاہ نے بطور چیف کمشنر خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن چارج سنبھال لیا

سید نذر حسین شاہ نے بطور چیف کمشنر خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن کا باضابطہ چارج سنبھال لیا ہے، وہ آج کمیشن کے دفتر پہنچے جہاں سینئر افسران اور عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر ایک تعارفی نشست بھی منعقد کی گئی جس میں انہوں نے ادارے کے مختلف امور، جاری منصوبوں اور آئندہ کی ترجیحات پر تفصیلی گفتگو کی۔

سید نذر حسین شاہ کی تعیناتی سے قبل حکومت خیبر پختونخوا کے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے12مئی 2026 کو ان کی تعیناتی کا باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا،اس اعلامیے کے مطابق انہیں صوبائی انفارمیشن کمیشن کی قیادت سونپی گئی تاکہ ادارے کی کارکردگی کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :شہاب علی شاہ نئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا تعینات

عہدہ سنبھالنے کے بعد گفتگو میں سید نذر حسین شاہ نے کہا کہ صوبے میں شفافیت، احتساب اور شہریوں کو معلومات تک رسائی کے حق کو مزید مضبوط بنانا ان کی اولین ترجیح ہوگی،انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی کے قانون پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا،عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری اور ادارہ جاتی شفافیت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کمیشن کے سینئر افسران نے نئے چیف کمشنر کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت، تجربہ اور انتظامی صلاحیتیں ادارے کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

editor

Related Articles