نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پائیدار جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کے ذریعے معمول کی آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے خطے میں پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے اس کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
ٹیلیفونک گفتگو میں پاک چین اعلیٰ سطح کے تبادلوں، سفارتی تعلقات کی75ویں سالگرہ اور مختلف عالمی امور پر باہمی تعاون سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔
دوسری جانب اسحاق ڈار اور آسٹریا کی وزیر خارجہ کے درمیان بھی رابطہ ہوا، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا۔
آسٹریا کی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی ثالثی اور مذاکراتی کردار کی تعریف کی،اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی روابط اور کوششیں جاری رکھے گا،دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔