ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مختلف فورم پر بات چیت اور پیغامات کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم کسی بھی حتمی نتیجے تک پہنچنے سے پہلے اس معاملے پر حتمی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہوگا۔
ایک بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ اس وقت جو بھی خبریں اور دعوے سامنے آ رہے ہیں وہ زیادہ تر قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں، جنہیں حقیقت کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا،ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سفارتی عمل میں حتمی معاہدے سے پہلے مختلف مراحل اور پیچیدہ مذاکرات ہوتے ہیں، اس لیے ابھی سے نتائج اخذ کرنا درست نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی قومی پالیسیوں اور مفادات کے مطابق تمام سفارتی رابطوں کو آگے بڑھا رہا ہے، لیکن ہر قدم نہایت احتیاط اور سنجیدگی کے ساتھ اٹھایا جا رہا ہے،عباس عراقچی کے مطابق جب تک کسی معاملے پر مکمل اتفاق رائے نہ ہو جائے، اس وقت تک کسی بھی حتمی اعلان سے گریز کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ کو معاشی نتائج سے خبردار کر دیا
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ اور غیر رسمی رابطوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہےدونوں فریقین ایک ممکنہ معاہدے کے مسودے پر مختلف تجاویز اور ترامیم پر غور کر رہے ہیں۔

