پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے جنگ کے خاتمے کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔
اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مثبت اور مؤثر اقدامات کیے ہیں جن کے نتائج واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد جاری کیے گئے پیغام میں ایرانی سفیر نے حکومت پاکستان سلح افواج اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دورے کے دوران فراہم کی گئی سکیورٹی، منظم منصوبہ بندی اور بہترین انتظامات پاکستان کے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں کی جانے والی امن کوششوں نے کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے خطے میں استحکام کی راہ ہموار ہوئی۔
رضا امیری مقدم نے پاک فوج، سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر سرکاری اداروں کے عملے کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ایرانی وفد کے دورے کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
ساتھ ہی انہوں نے اسلام آباد کے عوام کی مہمان نوازی، صبر اور تعاون کو بھی سراہا اور اسے دونوں ممالک کے عوامی تعلقات کی عکاسی قرار دیا۔