قومی اسمبلی کے سیکرٹریٹ نے سوشل میڈیا اور جاب پورٹلز پر گردش کرنے والے انٹرن شپ اشتہارات اور آن لائن لنکس کو جعلی قرار دیتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی نے کسی بھی آن لائن پلیٹ فارم یا تھرڈ پارٹی ویب سائٹ کے ذریعے انٹرن شپ کے لیے کوئی عوامی درخواستیں طلب نہیں کیں۔
بیان کے مطابق سمر 2026 کا انٹرن شپ پروگرام ایک منظم طریقہ کار کے تحت جاری ہے، جس کے تحت منتخب جامعات سے براہ راست رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ منظور شدہ فریم ورک کے مطابق طلبہ کے نامزدگی عمل کو مکمل کیا جا سکے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ غیر مجاز ویب سائٹس یا لنکس کے ذریعے اپنی ذاتی معلومات یا درخواستیں جمع کروانے سے گریز کریں اور محتاط رہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جھوٹی یا گمراہ کن معلومات پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ حکام کے مطابق قومی اسمبلی کے پروگرامز سے متعلق کسی بھی قسم کے اعلانات صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے ہی جاری کیے جائیں گے۔