ایران کا آبنائے ہرمز سے تمام جہازوں کی آمد و رفت بند کرنے کا اعلان

ایران کا آبنائے ہرمز سے تمام جہازوں کی آمد و رفت بند کرنے کا اعلان

ایران نے آبنائے ہرمز سے تمام جہازوں کی آمد و رفت بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد خطے میں صورتحال انتہائی کشیدہ اور غیر یقینی ہو گئی ہے۔

ایرانی اعلیٰ مشترکہ فوجی کمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنایا جائے گا۔ پابندی میں تیل بردار اور تجارتی دونوں قسم کے جہاز شامل ہیں اور اس فیصلے کا مقصد موجودہ سکیورٹی صورتحال میں اپنے دفاعی مؤقف کو مضبوط بنانا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے دوران دو جہازوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں تاہم ان واقعات کی آزاد ذرائع سے فوری تصدیق نہیں ہو سکی۔ رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکی افواج کے درمیان اس حساس بحری علاقے میں جھڑپوں کی صورتحال بھی برقرار ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکہ نے ایران پر حملے شروع کر دئیے ، آبنائے ہرمز کے قریب جھڑپیں،متعدد اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں ،امریکی سینٹرل کمانڈ

اس سے قبل ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے مختلف شہروں جن میں صوبہ فارس، مغربی تہران، بندر عباس، مینا ب، سیرک، قشم، ہینگام اور جزیرہ کیش شامل ہیں، میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ اسی طرح بندرگاہ گرگان میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں جس کے بعد سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ ایران میں متعدد اہداف پر دفاعی نوعیت کے اضافی حملے کیے گئے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ایران کی مبینہ مسلسل اور بلاجواز جارحیت کے جواب میں کی جا رہی ہیں اور ان کا مقصد امریکی مفادات اور اتحادیوں کا تحفظ ہے۔

editor

Related Articles