ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کے روز بھی مقامی و عالمی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی جس کے بعد خریداروں اور سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ پر مرکوز ہو گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 9 ہزار 720 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 32 ہزار 716 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 8 ہزار 748 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 69 ہزار 422 روپے میں فروخت ہونے لگا۔
گزشتہ کاروباری روز بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی گئی تھی جب فی تولہ سونا 12 ہزار 627 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 42 ہزار 436 روپے پر آ گیا تھا۔ مسلسل دوسرے روز کمی کے باعث دو روز کے دوران فی تولہ سونا مجموعی طور پر 22 ہزار 347 روپے سستا ہو چکا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں مندی کا رجحان برقرار رہا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 97 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 102 ڈالر پر آ گیا۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
ادھر چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 40 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 889 روپے پر آ گئی۔
عالمی مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ، سرمایہ کاروں کی بدلتی ترجیحات اور قیمتی دھاتوں میں منافع کے حصول کے رجحان کے باعث سونے کی قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں عالمی معاشی حالات اور سرمایہ کاروں کے رویوں کے مطابق سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید ردوبدل دیکھنے میں آ سکتا ہے۔