گڈز ٹرانسپورٹرز نے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف مکمل پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دے دی۔
ٹرانسپورٹرز نے کہا ہے کہ 500سے زائد لوڈڈ گاڑیاں پکڑی جاچکی ہیں،کیمیکلزوالے کنٹینرز بھی پکڑ لیے گئے اگر خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد نے لاہور چیمبر کا دورہ کر کے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ممبر ایگزیکٹو کمیٹی لاہور چیمبر ریاض تاجک نے تجارتی سامان کی ترسیل والی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 500 سے زائد لوڈڈ گاڑیاں پکڑی جاچکی ہیں۔
حکومت جلسے جلوسوں کیلئے ہماری گاڑیاں پکڑ کر کیوں کاروبار کا بیڑا غرق کررہی ہے،گاڑیوں کے ڈرائیورز کو مارا پیٹا جاتا ہے، کنٹینرز قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
لاہور چیمبر ہماری گاڑیاں ریلیز کرائے ورنہ ہم 22 نومبر کو مکمل پہیہ جام ہڑتال کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمیکلزوالے کنٹینرز بھی پکڑ لیے گئے ہیں اگر خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔