چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں 3 رکنی وفد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے ایک بار پھر اڈیالہ جیل پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر، شبلی فراز اور اسد قیصر کی ملاقات جاری ہے، ملاقات میں حکومتی وفد سے ہوئےمذاکرات سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا جا رہاہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کے درمیان مذاکرات ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : شہید اہلکار کی نمازجنازہ ادا، احتجاج کی کال دینے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، وزیر داخلہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اسلام آباد نہ آنے کی درخواست کی گئی اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیلاروس کے سرمایہ کاروں کے ساتھ کل اسلام آباد میں بزنس کانفرنس ہورہی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی کو دھرنے کے لیے پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑپر جگہ دینے کی پیشکش کی گئی جس کو پی ٹی آئی نے مسترد کردیا، پی ٹی آئی رہنما بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی کے مطالبے پر قائم ہیں اور مؤقف اپنایاکہ بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا نہ کیا تو ڈی چوک پہنچیں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھاکہ وزیرداخلہ محسن نقوی وزیراعظم کو مذاکرات سے آگاہ کریں گے، حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کے اگلے دور بھی ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہےکہ خیبرپختونخوا سے آنے والا پی ٹی آئی کا قافلہ بشریٰ بی بی اور وزہراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں اسلام آبادکی حدود میں داخل ہوچکا ہے۔