اب بحث نہیں ثبوت بولے گا ، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالانز کا نیا نظام متعارف کروا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیرکاکہناہے کہ صوبہ بھر میں ٹریفک چالان مکمل ثبوت کے ساتھ جاری ہوں گے، ہر چالان کے ساتھ موقع پر ویڈیو اور تصویر بطور شواہد محفوظ کی جائے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ٹریفک چالان کی ادائیگی کے لیے 8070 سے الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیرکے مطابق الرٹ ایس ایم ایس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے ثبوت کا لنک بھی موجود ہوگا، شہری لنک اوپن کر کے اپنی ٹریفک خلاف ورزیوں کا مکمل ثبوت دیکھ سکیں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیرکا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس ون ایپ سے شہریوں کو ثبوت کے ساتھ چالان کریں گے،وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبہ بھر میں شواہد پر مبنی چلاننگ نظام کا باقاعدہ نفاذ کر دیا ہے، شواہد پر مبنی چالاننگ سسٹم کی منصفانہ کارروائی سے بحث و تکرار میں کمی آئے گی۔
پولیس حکام کے مطابق جدید چالاننگ نظام سے شہریوں اور ٹریفک پولیس دونوں کے وقت کی بچت ہوگی، چالان ادا نہ کرنے والوں کے خلاف مؤثر اور ثبوت پر مبنی قانونی کارروائی ممکن ہوگی۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ای چالان بروقت ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے ، پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور سڑکوں پر نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔