راولپنڈی : راولپنڈی پولیس نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے کے دوران سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف یہ فیصلہ آج ساڑھے گیارہ بجے سنایا جائے گا۔
پولیس نے اڈیالہ جیل کے اطراف میں سخت سکیورٹی اقدامات کیے ہیں، جن کی نگرانی ایس پی صدر نیبل کھوکھر اور ایس ڈی پی او صدر دانیال رانا کریں گے۔ سکیورٹی پلان کے تحت ایس ایچ او صدر اعزاز عظیم سب انچارج ہوں گے جبکہ ایس ایچ او تھانہ چونترہ ثاقب عباسی اور انسپیکٹر محمد سلیم چوکی اڈیالہ کے انچارج ہوں گے۔
اڈیالہ جیل کے اطراف میں 6 تھانوں کی اضافی نفری اور ایلیٹ و ڈولفن فورس تعینات کی گئی ہے۔ خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بھی کی گئی ہے، جسکی نگرانی انسپیکٹر نسرین بتول کریں گی۔ تمام سکیورٹی فورسز کو ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او کی جانب سے بریف کیا جائے گا، اور سادہ کپڑوں میں بھی پولیس نفری تعینات کی جائے گی تاکہ سکیورٹی کے معاملات پر نظر رکھی جا سکے۔