عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ کچھ دیربعد سنایا جائیگا

بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ آج سنایا جائیگا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا آج ساڑھے گیارہ بجے اڈیالہ جیل میں سماعت کریں گے، ملزمان کی حاضری مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا جائے گا۔

اس حوالے سے عدالتی عملے کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو آگاہ کردیا گیا ہے ، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور بیرسٹر گوہر اڈیالہ جیل پہنچ چکے ہیں ۔

سکیورٹی انتظامات

راولپنڈی پولیس نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے کے دوران سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں، پولیس نے اڈیالہ جیل کے اطراف میں سخت سکیورٹی اقدامات کیے ہیں، جن کی نگرانی ایس پی صدر نیبل کھوکھر اور ایس ڈی پی او صدر دانیال رانا کریں گے۔

سکیورٹی پلان کے تحت ایس ایچ او صدر اعزاز عظیم سب انچارج ہوں گے جبکہ ایس ایچ او تھانہ چونترہ ثاقب عباسی اور انسپیکٹر محمد سلیم چوکی اڈیالہ کے انچارج ہوں گے۔ اڈیالہ جیل کے اطراف میں 6 تھانوں کی اضافی نفری اور ایلیٹ و ڈولفن فورس تعینات کی گئی ہے۔ خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بھی کی گئی ہے، جس کی نگرانی انسپیکٹر نسرین بتول کریں گی۔

تمام سکیورٹی فورسز کو ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او کی جانب سے بریف کیا جائے گا، اور سادہ کپڑوں میں بھی پولیس نفری تعینات کی جائے گی تاکہ سکیورٹی کے معاملات پر نظر رکھی جا سکے۔

18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا گیا فیصلہ 3 مرتبہ مؤخر کیا جاچکا ہے۔

13 جنوری کو موخر کیے گئے فیصلے سےمتعلق کہا گیا تھا کہ جج 9 بجے سے کمرہ عدالت میں موجود تھے، فیصلہ تیار تھا لیکن دو گھنٹہ انتظار کے باوجود بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور ان کے وکلا کمرہ عدالت میں نہیں پہنچے تھے۔

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے، بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے گواہان پر جرح کی۔

editor

Related Articles