پیپلز پارٹی گلگت الیکشن میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی،مبارکباد پیش کرتے ہیں، شہباز شریف

پیپلز پارٹی گلگت الیکشن میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی،مبارکباد پیش کرتے ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری عمل میں بھرپور عوامی شرکت خوش آئند ہے اور پرامن انتخابات جمہوریت کا حسن ہوتے ہیں۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے انتخابات میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس پر جماعت مبارکباد کی مستحق ہے، انہوں نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو بھی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے امیدواروں نے بھرپور مقابلہ کیا، انہوں نے پارٹی کارکنوں اور انتخابی مہم میں حصہ لینے والی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔

یہ بھی پڑھیں :گلگت بلتستان الیکشن ، 24 میں سے 19 نشستوں کا غیرحتمی ،غیر سرکاری نتیجہ آگیا

شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام کامیاب امیدوار مبارکباد کے مستحق ہیں، جبکہ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پر عوام خصوصی تحسین کے لائق ہیں، ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا، جو قابلِ ستائش اقدام ہے۔

وزیراعظم نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے پرامن ماحول میں انتخابات کے انعقاد کے لیے اہم کردار ادا کیا، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

editor

Related Articles