گلگت بلتستان الیکشن کی 24 میں سے 19 نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ آگیا ہے جس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے
گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر کے برتری حاصل کر لی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) آزاد امیدواروں اور متحدہ واحدت المسلمین نے بھی کامیابی حاصل کی ہے۔
اب تک سامنے آنے والے 24 میں سے 19 حلقوں کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی 9 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ مسلم لیگ (ن) 3 نشستیں حاصل کر سکی ہے جبکہ 6 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ مجلس وحدت المسلمین کے حصے میں ایک نشست آئی ہے۔
نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی نے حلقہ جات جی بی اے 4، 5، 7، 9، 10، 11، 12 اور 19 میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے جی بی اے 18، 20 اور 22 میں برتری حاصل کی۔ آزاد امیدواروں نے جی بی اے 3، 6، 16، 21، 23 اور 24 میں میدان مار لیا۔
حلقہ جی بی اے 1 گلگت 1 کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امجد حسین 10490 ووٹ لے کر آگے رہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے محمد شفیق الدین 6245 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
جی بی اے 2 گلگت 2 میں مسلم لیگ (ن) کے حفیظ الرحمان 4129 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے جمیل احمد 2695 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔
جی بی اے 3 میں آزاد امیدوار سید سہیل عباس 7877 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ جی بی اے 4 نگر 1 میں پیپلزپارٹی کے محمد علی اختر 7654 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ جی بی اے 6 ہنزہ میں آزاد امیدوار نیک نام کریم 6360 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ جی بی اے 8 میں مجلس وحدت المسلمین کے محمد کاظم 10474 ووٹ لے کر نشست جیت گئے۔ جی بی اے 12 شگر میں پیپلزپارٹی کے عمران ندیم 12944 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
دیگر حلقوں میں بھی مقابلہ سخت رہا اور کئی نشستوں پر قریبی مارجن سے نتائج سامنے آئے۔ انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے رابطوں اور آئندہ حکومت سازی کے لیے مشاورت کا امکان بڑھ گیا ہے۔ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد حکومت سازی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی نتائج کا اعلان باقی ہے جس کے بعد گلگت بلتستان میں آئندہ حکومت کی واضح تصویر سامنے آئے گی۔