امریکا میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک پالتو کتے نے اپنے ہی مالک کو گولی مار دی، ٹانگ میں گولی لگنےسے مالک زخمی حالت میں اسپتال جا پہنچا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق کتے نے بستر میں چھلانگ لگائی جس کے باعث کتے کا پنجہ لوڈڈ بندوق میں پھنس گیا اور گولی چل پڑی جو سیدھی مالک کی ٹانگ میں جا لگی۔
پولیس کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس سے تعلق رکھنے والے امریکی شہری کو سوموار کی صبح اس کے پالتو کتے نے ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کر دیا، جسے زخمی حالت میں فوری علاج کے لیے اسپتال لایا گیا جہاں بر وقت علاج کر کے ٹانگ سے گولی نکال لی گئی۔
واقعے کی رپورٹ میں پولیس نے بتایا کہ کتےکا پنجہ ٹریگر گارڈ میں پھنس گیا تھا، جس کے باعث ٹریگر دبنے سے گولی مالک کی ٹانگ میں جا لگی۔ رپورٹ میں ہتھیار کی قسم کی وضاحت نہیں کی گئی اور اس واقعے کو ’حادثہ‘ قرار دیا گیا۔
اگرچہ امریکا میں بندوق کا استمعال بہت زیادہ ہے، لیکن کسی جانور کے ہاتھوں انسان کو گولی لگنے کا یہ اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ ہے۔