پاکستان شوبز کے سینئر اداکار وسیم عباس نے پہلی بار اداکارہ صبا حمید سے اپنی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دونوں کئی برس پہلے ہی ایک دوسرے سے الگ ہو چکے تھے، جبکہ قانونی طور پر طلاق بعد میں ہوئی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں وسیم عباس نے بتایا کہ صبا حمید کے ساتھ ان کی دوسری شادی 29 سال تک قائم رہی، تاہم دونوں گزشتہ 14 برس سے علیحدہ زندگی گزار رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ علیحدگی کے باوجود دونوں کے درمیان احترام کا رشتہ برقرار رہا، اسی لیے وہ مختلف منصوبوں میں ایک ساتھ کام کرتے رہے اور بعض اوقات دوستوں کی طرح کھانے پر بھی ملتے تھے۔
اداکار کے مطابق وہ اور صبا حمید ایک ہی گھر میں نہیں رہتے تھے، لیکن اگر مستقبل میں کسی اچھے منصوبے کی پیشکش ہوئی تو وہ دوبارہ ایک ساتھ کام کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔
وسیم عباس نے کہا کہ طلاق سے انہیں کوئی جذباتی صدمہ نہیں پہنچا کیونکہ اس وقت تک دونوں کے درمیان جذباتی وابستگی باقی نہیں رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اور صبا حمید کی کوئی مشترکہ اولاد بھی نہیں تھی۔
اداکار نے مزید کہا کہ وہ محبت سے زیادہ باہمی احترام کو اہمیت دیتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ طلاق کا فیصلہ درست تھا۔ ان کے بقول، وہ اور صبا حمید آج بھی ایک دوسرے کے بارے میں کوئی منفی بات نہیں کرتے۔
وسیم عباس نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی دوسری شادی کو مکمل طور پر غلط فیصلہ نہیں سمجھتے، تاہم ماضی پر نظر ڈالیں تو شاید کچھ فیصلے مختلف ہو سکتے تھے۔
وسیم عباس کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ کچھ نے اتنے برس بعد طلاق پر عوامی گفتگو کو تنقید کا نشانہ بنایا۔