پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس سے مہنگائی کے مارے عوام کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت 16 اپریل 2025ء سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 12 روپے تک کمی پر غور کر رہی ہے۔ اندازہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت موجودہ 254 روپے 63 پیسے سے کم ہو کر 242 روپے فی لیٹر ہو جائے گی جبکہ ڈیزل کی قیمت 258 روپے 64 پیسے سے کم ہو کر 250 روپے فی لیٹر تک آ سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اس وقت قیمتوں میں کمی کے حتمی اعداد و شمار پر کام کر رہی ہے اور جلد ہی عوام کے لیے خوشخبری سنائی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معیشت سے متعلق حوصلہ افزا اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آ رہی ہے جبکہ شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد تک آ چکی ہے، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
ن کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ میں وزیر اعظم مزید ریلیف پیکجز کا اعلان کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت برآمدات میں اضافے، ٹیکس نظام کی اصلاحات اور کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم ہے۔ خاص طور پر تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس نظام میں آسانی فراہم کرنے کے لیے سیلری کیٹیگری کی سطح کو 150 سے گھٹا کر 25 تک لانے پر کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ریکوڈک منصوبہ ملکی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا جبکہ منرلز انویسٹمنٹ فورم پاکستان کی درست معاشی سمت کی واضح دلیل ہے۔ ان کے بقول، گوجرانوالہ ایکسپو اور سیالکوٹ چیمبر جیسے ادارے ملک کی صنعتی ترقی کی علامت ہیں۔حکومت کی یہ کوششیں ملکی معیشت میں بہتری، عوام کو ریلیف اور کاروباری ماحول کو سازگار بنانے کی سمت ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہیں۔