نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان پر بلااشتعال بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان پر فضائی جارحیت سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان بھارت کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے جو پاکستان کی خودمختاری، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جارحیت نے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور دفاع کے طور پر اقدامات کرنے کا عزم بھی رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ہم ہر طرح سے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کریں گے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی میزائلوں سے پاکستان کے اندر 6 مقامات پر مقامی نہتی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں26 عام شہری شہید اور46 زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس کے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے متنبہ کیا کہ ان کے عارضی جوش و خروش کو ان کا مستقل درد اور تکلیف بنا دیا جائے گا۔یہ میزائل بہاولپور، کوٹلی اور مظفر آباد میں فضا سے داغے گئے ہیں۔