وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آہنی دیوار کی حیثیت سے کھڑا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کے روز وزارت داخلہ پہنچنے پر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا استقبال کیا، ملاقات کے دوران دونوں حکومتی عہدیداروں نے پاک برطانیہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور ترقیاتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
وزیر داخلہ نے اَپ اسکل پروگرام کے تحت برطانوی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے منظم جرائم کی روک تھام میں برطانوی حکومت کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام نے جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے تعاون سے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حال ہی میں 4.3 ٹن افیون پکڑی ہے جس کی مالیت 22 ملین پاؤنڈ ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ میں آبادکاری میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ اَپ اسکل پروگرام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔