پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے کے ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور کی سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔
کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے کی، سماعت کے دوران شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے کیس میں گواہی دینے کا حلف اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں سچ بولوں گا، پورا سچ اور سچ کے سوا کچھ نہیں بولوں گا‘۔
انہوں نے حلف کا متن بھی پڑھ کر سنایا اور کہا کہ اگر میں کچھ چھپاؤں تو اللہ مجھ سے ناراض ہو جائے۔ دوران جرح عمران خان کے وکیل محمد حسین چوٹیا نے استفسار کیا کہ کیا اس وقت آپ کے پاس ہتک عزت کے مقدمے کی کاپی موجود ہے؟ شہباز شریف نے جواب دیا کہ نہیں، میرے پاس اس وقت ہتک عزت کے مقدمے کی کاپی نہیں ہے۔
وزیر اعظم نے کچھ دیر کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’برائے مہربانی مجھے تھوڑی دیر کے لیے اجازت دیں۔ میری قانونی ٹیم کاپی بھیج رہی ہے۔ ان کی درخواست پر عدالت نے کارروائی کا مختصر وقفہ دے دیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے، جس میں ان پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جانے اور بیانات دینے کا الزام لگایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے بانی کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد حسین چوٹیا جرح کر رہے تھے۔