وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی مشاورت اور منظوری کے بغیر صوبائی بجٹ منظور نہیں کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کو دئیےگئے انٹرویو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ہمیں عمران خان کے نظریے کی بنیاد پر عوام کا مینڈیٹ ملا، اور اسی عوامی مینڈیٹ کے تحت ہم نے حکومت قائم کی ہے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ ایک منتخب وزیر اعلیٰ ہونے کے باوجود انہیں اپنے قائد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم حکومت گزشتہ ڈیڑھ سال سے ان کی بانی پارٹی سے ملاقات میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، حتیٰ کہ عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات ممکن نہیں ہو پا رہی۔
وزیراعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا جیسے حساس صوبے کے سربراہ کو اپنے لیڈر سے صرف چند بار ملاقات کی اجازت دی گئی ہے جبکہ موجودہ صورت حال میں نئے مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کے لیے رہنمائی ضروری ہے۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ بجٹ سے متعلق عمران خان کی ہدایات واضح ہیں، لیکن اس کے باوجود وفاقی اور پنجاب حکومت انہیں اپنی فنانس ٹیم کے ساتھ عمران خان سے ملنے نہیں دے رہی۔