ایران نے اسرائیل پر کامیاب حملے کرکے اسرائیل کے جدید ترین ملٹی لیئر دفاعی نظام کو بھی فیل کردیا۔
جس کے بعد دنیا بھر میں اسرائیلی نظام کی ناکامی موضوع بحث بن گئی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکومت نے تسلیم کیا کہ ایران کے میزائلوں نے تل ابیب سمیت دیگر مقامات کو نشانہ بنایا، جس سے کم از کم 5 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے۔
اسرائیل کی جانب سے تل ابیب سمیت دیگر اہم ترین مقامات پر جدید ترین دفاعی نظام آئرن ڈوم سمیت دیگر دفاعی نظام نصب کیے گئے ہیں تاہم ایرانی میزائل ان نظاموں کو توڑنے میں کامیاب ہوگئے۔ امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اپنے ایئر ڈیفنس سسٹم پر اربوں ڈالرز کی رقم خرچ کی ہے، جنہیں وہ گزشتہ ایک سال سے ٹیسٹ بھی کر رہا ہے لیکن اب ایران کے میزائل اسرائیلی ڈیفنس سسٹم کو توڑ کر تل ابیب میں داخل ہوئے۔
ایرانی میزائلوں کا اسرائیلی ڈیفنس سسٹم کو عبور کرکے ہدف کو نشانہ بنانا پوری دنیا میں موضوع بحث بن گیا ہے اور دفاعی تجزیہ نگار ایرانی سرپرائز پر حیرانی کا اظہار بھی کرتے دکھائی دیے۔نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اپنی حفاظت کے لیے چار مختلف جدید ترین ایئر ڈیفنس متحرک کر رکھے ہیں، جن کے مختلف کام ہیں۔
اسرائیل کے چاروں مختلف دفاعی نظام بڑی رینج سے لے کر چھوٹی رینج تک اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں سمیت دیگر راکٹوں اور ڈرونز کو روکنے کی صلاحیت کے حاملہیں لیکن 13 اور 14 جون کی درمیانی شب ایرانی میزائلوں نے ان سسٹمز کو کراس کرکے سب کو حیران کردیا۔