گلگت بلتستان، چلاس میں گرمی کا نیا ریکارڈ

گلگت بلتستان، چلاس میں گرمی کا نیا ریکارڈ

پاکستان کے شمالی علاقوں میں شدید گرمی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، جہاں گلگت بلتستان کے علاقوں چلاس اور بونجی میں درجہ حرارت نے تاریخ کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے اور جھیلوں کے ٹوٹنے کا خدشہ، سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

پاکستان محکمہ موسمیات  (پی ایم ڈی ) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات جو ملک کےدیگر علاقوں کی نسبت انتہائی ٹھنڈے مقامات کے طور پر جانے جاتے تھے، میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گرمی کے نئے ریکارڈ بن گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز چلاس میں 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جو کہ اس سے قبل 17 جولائی 1997 کو قائم کیے گئے 47.7 ڈگری کے ریکارڈ سے زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا اسمبلی، سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

اسی طرح بونجی میں 46.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 12 جولائی 1971 کو قائم کیے گئے 45.6 ڈگری کے سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ’شمالی علاقوں میں مسلسل بلند درجہ حرارت برف اور گلیشیئرز کے پگھلاؤ کو تیز کر سکتا ہے، جس سے آئندہ ہفتے کے دوران گلاف (گلیشیائی جھیل کے پھٹنے) اور اچانک سیلاب کے واقعات پیش آ سکتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں:آندھی، طوفان اور بارشیں، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں گلیشئیر پھٹنے اورسیلاب کا الرٹ جاری

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں 71 لاکھ سے زیادہ افراد ان خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ماہرین نے فوری تیاری، عوامی آگاہی مہم اور گلیشیائی علاقوں کی قریبی نگرانی پر زور دیا ہے تاکہ آنے والے دنوں میں ممکنہ تباہی سے بچا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے باعث گلیشیئر پھٹنے اور جھیلوں کے ٹوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق چترال، دیر اپر، سوات اور کوہستان کو حساس علاقے قرار دے دیا گیا ہے اور ان علاقوں کی مقامی آبادی کو فوری طور پر الرٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشنگوئی کردی

حکام کا کہنا ہے کہ کل سے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *