وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں جاری موسلا دھار بارش نے زندگی کا پہیہ جام کر دیا ہے، ہوائی سفر میں شدید خلل پڑا اور کئی علاقوں میں شہری سیلاب نے معمولات زندگی متاثر کر دیے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا نظام بری طرح متاثر ہوا، خراب موسم اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے متعدد پروازیں تاخیر کا شکار یا منسوخ کر دی گئیں۔ برٹش ایئرویز کی پرواز بی کے2160 ، 3گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی دبئی جانے والی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ ایک نجی ایئرلائن کی کراچی جانے والی پرواز 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
جدہ، دوحہ، دبئی، مسقط، ریاض اور باکو جانے والی بین الاقوامی پروازیں بھی ایک گھنٹے تک تاخیر سے چلیں۔ ایئرپورٹ کے آفیشل فلائٹ انکوائری پورٹل کے مطابق، اسلام آباد آنے اور جانے والی 6 پروازیں مکمل طور پر منسوخ کر دی گئیں۔ ان میں پی آئی اے کی اسلام آباد[ سکردو کی پروازیں پی کے 451 اور پی کے 452 اور ایئرسیال کی کراچی سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی ایف 121 شامل ہیں۔
خراب موسم کے باعث سکردو کے لیے تمام پروازیں پورے دن معطل رہیں۔ دوسری جانب، اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات بھر جاری رہنے والی شدید بارش نے شہری علاقوں کو پانی میں ڈوبا دیا۔ اڈیالہ روڈ سمیت کئی اہم سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
راولپنڈی کے علاقے کٹاریاں میں نالہ لئی کا پانی 15.7 فٹ تک بلند ہو گیا، جس کے بعد نشیبی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی گئیں جہاں کئی گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بوکرا میں سب سے زیادہ 125 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیکٹر I-12 میں 106 ملی میٹر، گولڑہ میں 97 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 61 ملی میٹر، سیدپور میں 69 ملی میٹر اور زیرو پوائنٹ پر 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش چکلالہ میں 133 ملی میٹر ہوئی، جبکہ کچہری میں 102 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 90 ملی میٹر، پیرودھائی میں 80 ملی میٹر اور شمس آباد میں 67 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں خاص احتیاط برتیں کیونکہ آئندہ دنوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔