صدرِ مملکت نے سعودی بحریہ کے سربراہ کو نشانِ پاکستان سے نواز دیا

صدرِ مملکت نے سعودی بحریہ کے سربراہ کو نشانِ پاکستان سے نواز دیا

ویب ڈیسک۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ، وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی کو نشانِ پاکستان (ملٹری) کے اعزاز سے نواز دیا۔

ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، صدرِ مملکت نے وائس ایڈمرل الغریبی کو اُن کی پیشہ ورانہ خدمات اور پاکستان بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے مابین برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے نمایاں کردار کے اعتراف میں یہ اعزاز عطا کیا۔

اس مناسبت سے ایوانِ صدر میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

تقریب کے بعد، سعودی نیول چیف نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان نے وائس ایڈمرل الغریبی کو اعزاز ملنے پر مبارکباد دی اور پاک-سعودی بحری افواج کے درمیان تعاون کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر زرداری کے استعفے اور آرمی چیف کے صدر بننے کی افواہیں بے بنیاد، وزیراعظم، وزراء اور رہنماؤں کا سخت ردعمل

صدرِ مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور مشکل وقتوں میں سعودی عرب کی طرف سے کی جانے والی حمایت پر حکومتِ پاکستان اور عوام دلی طور پر شکر گزار ہیں۔

انہوں نے پاکستان نیوی اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس میں مزید وسعت لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدرِ مملکت نے فروری 2025 میں ہونے والی مشترکہ بحری مشق “امن-25” اور “امن ڈائیلاگ-25” میں سعودی بحریہ کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں بحری تعاون اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

آصف علی زرداری نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت مملکت کو ترقی، خوشحالی اور مثبت تبدیلی کی جانب لے جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائی کورٹ کا خیبر پختونخوا میں سینٹ الیکشن میں الیکشن کمیشن کے کردار پر سوال

انہوں نے رائل سعودی نیول فورسز کی جانب سے پاکستان نیوی کے تربیتی نظام پر اعتماد کو سراہا اور دونوں بحری افواج کے مابین تربیتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

آخر میں، صدرِ مملکت نے وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی سے کہا کہ وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اُن کی طرف سے دلی نیک تمنائیں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان گہرے، برادرانہ اور تاریخی تعلقات کے اعادے کا اظہار کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *