بجٹ کی تیاری، نواز شریف متحرک، معاشی صورتحال پر مشاورت طلب کر لی

بجٹ کی تیاری، نواز شریف متحرک، معاشی صورتحال پر مشاورت طلب کر لی

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ طلب کر لی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے جاتی امرا میں اہم ملاقات کے دوران انہیں سیاسی اور معاشی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزرا بھی شریک ہوں گے۔ اس دوران آئندہ بجٹ، معاشی اہداف، حکومتی ترجیحات اور عوامی ریلیف سے متعلق تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

 یہ بھی پڑھیں :مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا نواز شریف کی صدارت میں اجلاس، بڑے فیصلے کر لیے گئے

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت وفاقی بجٹ میں مہنگائی سے متاثرہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں، ٹیکس پالیسی اور معاشی استحکام سے متعلق اہم فیصلے بھی زیر بحث آئیں گے۔

اطلاعات کے مطابق ملاقات میں حکومتی اتحاد کی سیاسی صورتحال اور آئندہ معاشی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ نواز شریف بجٹ کی تیاری کے حوالے سے پارٹی قیادت کو اہم گائیڈ لائن دیں گے تاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام دوست اقدامات کو ترجیح دی جا سکے۔

پاکستان میں وفاقی بجٹ کو ہمیشہ سیاسی اور معاشی لحاظ سے انتہائی اہم دستاویز سمجھا جاتا ہے کیونکہ اسی کے ذریعے حکومت آئندہ مالی سال کی معاشی ترجیحات، ٹیکس پالیسی، ترقیاتی منصوبے اور عوامی ریلیف اقدامات کا اعلان کرتی ہے۔ موجودہ حکومت کو ایک جانب مہنگائی، مالی خسارے اور قرضوں جیسے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب عوامی دباؤ بھی بڑھ رہا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، کاروباری برادری اور عام شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔

editor

Related Articles