فرانس کے صدر ایمانویل میکرون اور ان کی اہلیہ و خاتون اول بریجیٹ میکرون سے متعلق ایک نئی کتاب نے فرانسیسی سیاسی اور سماجی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مئی 2025 میں ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کے دورے کے دوران پیش آنے والے اُس واقعے کے پیچھے گھریلو تنازع تھا جس میں بریجیٹ میکرون نے مبینہ طور پر طیارے میں صدر میکرون کو تھپڑ مارا تھا۔
کتاب کے مطابق یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب بریجیٹ میکرون کو مبینہ طور پر معلوم ہوا کہ صدر میکرون ایرانی نژاد معروف اداکارہ گل شفتے فرحانی کے ساتھ نجی نوعیت کے پیغامات کا تبادلہ کر رہے تھے۔ مصنفہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں کے درمیان کئی ماہ سے قریبی تعلقات قائم تھے اور صدر میکرون نے ایک پیغام میں اداکارہ کی خوبصورتی کی تعریف بھی کی تھی۔
کتاب میں خاتون اول کی ایک قریبی دوست کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ بریجیٹ میکرون کو صرف پیغامات کے تبادلے پر ہی غصہ نہیں تھا بلکہ انہیں یہ احساس بھی شدت سے ہوا کہ وہ آہستہ آہستہ صدر میکرون کی زندگی میں اپنی اہمیت کھوتی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسی ذہنی دباؤ اور ناراضی نے دونوں کے درمیان کشیدگی کو بڑھایا۔
تاہم فرانسیسی ایوانِ صدر اور خاتون اول کے نمائندے نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بریجیٹ میکرون اپنے شوہر کا موبائل فون یا نجی پیغامات چیک نہیں کرتیں اور کتاب میں کیے گئے دعوے حقائق پر مبنی نہیں۔ دوسری جانب ایرانی اداکارہ گل شفتے فرحانی نے بھی صدر میکرون کے ساتھ کسی قسم کے تعلق یا غیرمناسب رابطوں کی سختی سے تردید کی ہے۔
یہ معاملہ فرانسیسی میڈیا اور سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن چکا ہے جہاں بعض حلقے اسے محض سنسنی خیز دعوے قرار دے رہے ہیں جبکہ بعض مبصرین کے مطابق اس قسم کی خبروں سے فرانسیسی صدر کی سیاسی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔