لاہور میں مزدوروں کے لیے رہائشی منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ حکومت آج 720 گھر مزدوروں کے حوالے کر رہی ہے جبکہ مستقبل میں مفت پلاٹس بھی دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا میں بھی 500 گھر مکمل ہو چکے ہیں اور آئندہ تین برسوں میں 5 ہزار سے زائد گھر محنت کش طبقے کو فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے 3،3 مرلے کے پلاٹس مزدوروں کو مفت دیے جائیں گے جبکہ “اپنی چھت، اپنا گھر” اسکیم کے تحت گھر کی تعمیر کے لیے قرض بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ مستحق افراد اپنے پلاٹ پر گھر تعمیر کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہری تقریباً 14 ہزار روپے ماہانہ قسط کے ذریعے 9 سے 10 برس میں قرض واپس کر سکیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” منصوبہ ان کے دل کے سب سے قریب ہے اور صرف ڈیڑھ سال کی مختصر مدت میں ایک لاکھ گھر مکمل کیے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق ایک لاکھ خاندان ان گھروں میں منتقل بھی ہو چکے ہیں، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد یہ بتاتے ہیں کہ انہوں نے کبھی اپنے گھر کا خواب نہیں دیکھا تھا مگر آج وہ اپنے گھر کے مالک بن چکے ہیں تو یہ لمحہ ان کے لیے جذباتی ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق درزی، اساتذہ، ملازمین اور چوکیدار جیسے عام شہریوں کو اپنا گھر ملنا حکومت کی فلاحی پالیسیوں کا ثمر ہے۔