پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے اجلاس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی اور انتخابی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے 45 انتخابی حلقوں سے تعلق رکھنے والے 206 سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے۔ پارٹی قائد نواز شریف نے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ امیدواروں سے ملاقاتیں کیں اور ان کی سیاسی کارکردگی، عوامی رابطوں اور انتخابی امکانات کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے آزاد کشمیر انتخابات میں مضبوط اور متفقہ امیدوار سامنے لانے پر زور دیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق حتمی امیدواروں کا فیصلہ نواز شریف بورڈ ارکان سے مشاورت کے بعد کریں گے جبکہ کامیاب امیدواروں کو آئندہ 30 روز کے اندر پارٹی ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔
پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمن، محمد صفدر اور برجیس طاہر بھی شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ شاہ غلام قادر، راجہ محمد فاروق حیدر، مشتاق منہاس، چوہدری محمد سعید اور چوہدری طارق فاروق بھی بورڈ کے ارکان میں شامل تھے جبکہ اجلاس میں نجیب نقی خان، افتخار گیلانی اور چوہدری عبدالرحمن نے بھی شرکت کی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے تنظیمی معاملات، انتخابی مہم اور اتحادی رابطوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ قیادت نے پارٹی امیدواروں کو عوامی رابطے مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔