لندن( اظہر جاوید سے )معروف برطانوی نژاد پاکستانی کاروباری شخصیت، ماہر تعلیم اور مخیر شخصیت پروفیسر ڈاکٹر سرور محمد خواجہ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں سے ایک ستارہ امتیاز سے نواز دیا گیا ہے۔ یہ اعزاز صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب کے دوران عطا کیا۔
تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی و صوبائی وزراء، سفارت کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
یہ اعزاز ڈاکٹر سرور محمد خواجہ کی تعلیم، ٹیکنالوجی، کاروبار اور فلاحی سرگرمیوں کے شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، جن کے ذریعے انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی تعلیمی مواقع اور ہنر مندی کے فروغ میں کردار ادا کیا۔
1968 میں لاہور میں پیدا ہونے والے پروفیسر ڈاکٹر سرور محمد خواجہ نے برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا اور تعلیمی مینجمنٹ کے میدان میں ایک بڑی نجی تنظیم کے طور پر ابھرے۔ ان کے مطابق ان کے تعلیمی و تربیتی منصوبوں سے اب تک 40 ہزار سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں :حکومت کا 16 اوورسیز پاکستانیوں کو سول اعزازات دینے کا فیصلہ
ڈاکٹر سرور محمد خواجہ ایس کے ہب (SK Hub) کے بانی اور چیئرمین ہیں جبکہ انہوں نے یورپی اکنامک سینیٹ کے سینیٹر اور یورپی کونسل آن گلوبل ریلیشنز کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ وہ برطانیہ کی رائل سوسائٹی آف آرٹس کے فیلو بھی ہیں۔ ان کی خدمات میں تعلیم اور صحت کے منصوبے شامل ہیں جن میں ڈائیلاسز سینٹرز کا قیام اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے تعلیمی مواقع کی فراہمی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائمز ایف آئی اے ڈاکٹر وقار الدین سید کو ستارہ امتیاز سے نواز دیا گیا

