گورنر ہاؤس پشاور میں صدارتی سول اعزازات کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی 33 ممتاز شخصیات کو ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں قومی اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صدر پاکستان کی جانب سے اعزازات تقسیم کیے جبکہ سول و عسکری حکام، انتظامی افسران اور اعزازات حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز، تمغہ شجاعت اور صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
شعبہ خدمات عامہ میں نمایاں خدمات انجام دینے پر سید سلمان رحمان، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ارشد مجید، ایس ایس پی عطاء الرحمن، شہاب الدین خان اور محمد اسرار کو ستارہ امتیاز دیا گیا۔
شعبہ کھیل میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کو کرکٹ میں خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا گیا جبکہ معروف کالم نگار ضیاء الحق سرحدی اور شہید ریحان زیب کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔
تقریب میں جمشید علی خان کو فنون، ہدایت کاری و پروڈکشن جبکہ امین اللہ داودزئی کو ادب و شاعری میں خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو بہادری اور شجاعت پر تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔
صحافت، تعلیم، مذہبی خدمات، کھیل اور سماجی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی دیگر شخصیات کو بھی تمغہ امتیاز دیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ قومی اعزازات ان افراد کی خدمات کا اعتراف ہیں جنہوں نے اپنی محنت اور قربانیوں سے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔