چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بیج اور کھاد میں کسانوں کی مدد کی جائے۔ قرض کے ذریعے بھی ریلیف دینا چاہئے، انھوں نے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت تنہا سیلاب متاثرین کی مدد نہیں کرسکتی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قصور میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے کا چیک دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ سیلاب متاثرین کی پریشانیوں کو دور کرنے کے لیے حکومت سے بات کریں گے اور وزیراعظم سے مطالبہ کریں گے کہ کسانوں کی مدد کے لیے فوری طور پر ایگریکلچر ایمرجنسی ڈکلئیر کی جائے۔
بلاول بھٹو نے پنجاب کے کسانوں کے سب سے زیادہ نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو بیج اور کھاد کے لیے مالی مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے یہ بھی کہا کہ کسانوں کے قرضوں اور بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے تاکہ وہ اس مشکل وقت سے نکل سکیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے خیبرپختونخوا میں کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس آفت کے دوران تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر امدادی کاموں میں صوبوں کا ساتھ دے۔
بلاول بھٹو نے پاک بھارت سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ جنگ سے پہلے طے کیا گیا تھا اور اسے یکطرفہ طور پر منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور اس کی وجہ سے پاکستان کے عوام کو آبی دہشتگردی کا سامنا ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر اس خلاف ورزی کے خلاف آواز اٹھائے گا اور بھارت کو مجبور کرے گا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کو تسلیم کرے یا دریا واپس کرے۔
قصور میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوران بلاول نے مزید کہا کہ وہ ان کی مزید پریشانیوں کو دور کرنے کے لیے ہر سطح پر کوشش کریں گے۔ انہوں نے وزیراعظم سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کی مالی امداد کرنے کی درخواست کی۔
بلاول بھٹو نے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے ہر سطح پر تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کسانوں کے لیے وفاقی حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ کیا تاکہ وہ بجلی کے بلوں اور قرضوں میں مدد حاصل کر سکیں۔
انھوں نے قصور کے سیلاب متاثرین سے وعدہ کیا کہ وہ ان کے مطالبات پر حکومت سے بات کریں گے اور ان کی مشکلات کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو اس بحران میں صوبوں کا مکمل ساتھ دینا ہوگا تاکہ اس مشکل وقت میں متاثرین کی بہتر مدد کی جا سکے۔
بعدازاں، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے سامنے قصور کے کاشت کاروں کے تحفظات رکھ دیے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو پنجاب بھر کے کسانوں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ سیلاب کی وجہ سے پنجاب میں زراعت کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ وفاق کو پنجاب بھر کے کسانوں کی مدد کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انھوں نے کہا کہ وفاق پنجاب کی صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے کسانوں کو ریلیف فراہم کرے، پنجاب میں آفت زدہ اضلاع کے کسانوں کے بجلی کے بل معاف کئے جائیں جس پر وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو یقین دہانی کروائی۔