اسد واحد کا شاندار کارنامہ، پاکستان کو ایک اورعالمی اعزاز دلا دیا

اسد واحد کا شاندار کارنامہ، پاکستان کو ایک اورعالمی اعزاز دلا دیا

یورپ کے سب سے بڑے شوٹنگ مقابلے یورپی ایف کلاس چیمپیئن شپ میں پاکستانی نشانہ باز اسد واحد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے لیے سلور میڈل جیت لیا ہے اورعالمی افق پر پاکستان کا پرچم سر بلند کر دیا ہے۔

برطانیہ کے تاریخی بزلی شوٹنگ گراؤنڈ میں منعقدہ اس ایونٹ میں دنیا بھر سے 400 سے زیادہ ماہر نشانہ بازوں نے شرکت کی، جن میں امریکا، کینیڈا، جرمنی، برطانیہ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور اٹلی جیسے بڑے ممالک کے نشانہ باز شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا قابلِ فخر کارنامہ، ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا

اسد واحد نے 1000 گز کی شوٹنگ کیٹیگری میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 450 میں سے 419 پوائنٹس حاصل کیے اور ٹاپ 5 شوٹرز میں جگہ بنا کر اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔ انہوں نے روٹ لینڈز ٹیم میچ میں ایف اوپن کیٹیگری کے تحت سلور میڈل حاصل کیا۔

ایف ٹی آر کیٹیگری میں بھی اسد واحد نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا کے 208 عالمی شہرت یافتہ نشانہ بازوں کا سامنا کیا۔ یہ مقابلہ 800، 900 اور 1000 گز کے فاصلے پر 6 مراحل پر مشتمل تھا، جس میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اسد واحد نے ’ تھری لائنز‘ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور اٹلی جیسی طاقتور ٹیموں کو شکست دی۔ ان کی کارکردگی کو ٹاپ 5 اوورآل ایوارڈ کے ذریعے سراہا گیا، جو ان کی ہر فاصلے پرعمدہ مہارت کا واضح اعتراف ہے۔

مزید پڑھیں:اقوام متحدہ کی جانب سے 2 پاکستانی امن فوجیوں کے لیے اعزاز کا اعلان

یاد رہے کہ اسد واحد اس سے قبل بھی برٹش نیشنل لیگ سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی مقابلے جیت چکے ہیں اور سینکڑوں میڈلز اپنے نام کر چکے ہیں۔

پاکستان کے حذیفہ گِل نے بھی چاندی کا تمغہ حاصل

دوسری جانب یورپی ایف کلاس لانگ رینج شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان کے حذیفہ گِل نے بھی عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کا نام روشن کر دیا۔ برطانیہ میں 8 ستمبر کو اختتام پذیر ہونے والے اس بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی 12 رکنی ٹیم نے شرکت کی، جس نے دنیا بھر سے آئے 18 ممالک کے 260 سے زیادہ بہترین شوٹرز کے درمیان نمایاں مقام حاصل کیا۔

پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر 1200 میں سے 1106 پوائنٹس حاصل کیے، جو ٹیم کی مہارت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سب سے نمایاں کارکردگی نوجوان شوٹر حذیفہ گِل نے دکھائی، جنہوں نے 800 گز کے انفرادی مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت کر پاکستان کا پرچم عالمی سطح پر بلند کر دیا۔ اُن کی اس کامیابی نے نہ صرف قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ نوجوانوں کے لیے بھی ایک روشن مثال قائم کی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم 2023 میں بھی اس ایونٹ کی فاتح رہ چکی ہے، جبکہ 2024 میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس تسلسل کے ساتھ شاندار کارکردگی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان شوٹنگ جیسے کھیل میں بھی عالمی معیار پر پورا اتر رہا ہے۔

ایف کلاس لانگ رینج چیمپئن شپ میں امریکا، کینیڈا، جرمنی، برطانیہ اور دیگر بڑے ممالک کی ٹیمیں بھی شریک تھیں، مگر پاکستانی شوٹرز نے اپنی مہارت، جذبے اور پیشہ ورانہ تربیت سے سب کو متاثر کیا۔ یہ کامیابی نہ صرف کھیل کے میدان میں پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے، بلکہ یہ اس امر کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان عالمی مقابلوں میں کسی سے کم نہیں ہے۔

ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز اور قومی فخر کا لمحہ ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *