واٹس ایپ میں ایک نئے کارآمد فیچر کی آزمائش جاری ہے جس کا مقصد گروپ چیٹ کے استعمال کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ ایک ایسے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کی مدد سے صارفین گروپ چیٹ میں موجود تمام افراد کو ایک ہی وقت میں مینشن کر سکیں گے، اس مقصد کے لیے “@everyone” کا استعمال کیا جائے گا۔
ابھی گروپ چیٹ میں ہر فرد کو انفرادی طور پر مینشن کرنا پڑتا ہے جس میں کافی وقت بھی لگتا ہے کہ جبکہ کچھ نام مینشن نہ ہونے کا امکان بھی ہوتا ہے۔
مگر اس سنگل مینشن فیچر سے گروپ کے ہر ممبر کو ایک نوٹیفیکشن موصول ہوگا، چاہے کسی فرد نے چیٹ کو میوٹ ہی کیوں نہ کیا ہوا ہو۔
یہ فیچر ایسے بڑے گروپس میں زیادہ مددگار ثابت ہوگا جہاں اہم اپ ڈیٹس گروپ کے تمام اراکین تک بیک وقت پہنچانا ضروری ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر بڑے گروپس اور کمیونٹی چیٹس میں ہر فرد تک آپ کا پیغام پہنچانے کا عمل آسان بنا دے گا۔
اسی طرح یہ نیا فیچر گروپ ایڈمن تک محدود نہیں ہوگا بلکہ کوئی بھی فرد پورے گروپ تک رسائی حاصل کرسکے گا،البتہ گروپ ایڈمنز کے پاس اسے محدود کرنے کا آپشن ہوگا۔