وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ امریکی صدر امن کے داعی ہیں، ڈونلڈٹرمپ دنیا بھر میں امن قائم کرنا چاہتے ہیں۔
نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صدرٹرمپ نےجنرل اسمبلی سے خطاب میں امن کیلئے کوششوں کا تذکرہ کیا، پاک بھارت جنگ بندی میں صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کا اہم کردار ہے، صدر ٹرمپ کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
نیویارک میں شہباز شریف کی آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن سٹاکر سے بھی ملاقات ہوئی تھی، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کی کیا گیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر اور مسلم ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات کو نہایت مفید قرار دیا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات ہوئی تھی، اردن کے فرمانروا اور انڈونیشیا کے صدر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، وزیراعظم سے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد بھی ملے تھے، دوطرفہ تعاون کی مثبت پیشرفت پراطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیو سٹاک کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کااظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور 26 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔