امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیج عمان میں ایرانی پرچم بردار کارگو جہاز سے برآمد ہونے والے مواد کو انتہائی خفیہ قرار دیتے ہوئے اس کی تفصیلات ظاہر کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد اس کارروائی نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی افواج کی جانب سے تحویل میں لیے گئے جہاز میں کچھ اہم اشیا موجود تھیں، تاہم ان کی نوعیت ایسی ہے جسے عوام کے سامنے نہیں لایا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں :ایران نے آبنائے ہرمز میں قبضے میں لیے گئے بحری جہازوں کی ویڈیو جاری کر دی
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معلومات قومی سلامتی سے جڑی ہوئی ہیں اور انہیں “ٹاپ سیکریٹ” رکھا جائے گا۔ کارروائی کے دوران امریکا کو قابلِ ذکر چیزیں حاصل ہوئی ہیں جو مستقبل کی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی افواج نے خلیج عمان میں ایک ایرانی کارگو جہاز کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مبینہ طور پر امریکی بحری ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :امریکا کی طرف سے ایرانی جہاز قبضہ میں لیے جانے پر چین کا بھی سخت ردعمل آگیا
فائرنگ کے بعد جہاز کو اپنی تحویل میں لے لیا گیا اور اس میں موجود سامان کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی۔ اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی مال بردار جہاز قبضے میں لے لیا ، امریکی صدر کا دعوی
صحافیوں کی جانب سے چین کے ممکنہ کردار سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اس معاملے پر ناراض نہیں کیونکہ بین الاقوامی سطح پر ایسے اقدامات دیگر ممالک بھی کرتے رہتے ہیں۔
موجودہ صورتحال میں اہم بات خطے میں استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔

