بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے دھادر میں 15 سے 20 دہشتگردوں نے دھادر پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا۔ پولیس اسٹیشن دھادر سرکٹ ہاؤس سے تقریباً 4 کلومیٹر جبکہ بولان وئیر (152 ایئر ڈیفنس بٹالین ہیڈکوارٹر) سے 6 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
حملے کے دوران پولیس اہلکاروں نے اپنی استعداد کے مطابق فوری ردعمل دیا۔صورتحال کے پیش نظر 152 ایئر ڈیفنس رجمنٹ کے یونٹ کمانڈر کی قیادت میں 2 کاؤنٹر ٹیررازم ٹیموں نے مؤثر کارروائی کی۔
152 ایئر ڈیفنس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث دہشتگرد پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے۔ پسپائی کے دوران فرار ہوتے دہشتگردوں کو وی ٹی او ایل (VTOL) کے ذریعے بھی نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :خاران میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد جہنم واصل
کارروائی کے نتیجے میں 3 سے 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ کچھ لاشیں دہشتگرد اپنے ساتھ لے گئے۔ ایک دہشتگرد کی لاش اسلحہ سمیت برآمد کر لی گئی۔ مزید 2 سے 3 زخمی دہشتگردوں کو بھی فرار ہوتے وقت اپنے ساتھ لے جایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :فتنہ الخوارج کے 2 ڈرون کو سکیورٹی فورسز نے کامیابی سے مار گرایا، وزارت اطلاعات
اپنی جانب سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر سی ایم ایچ سبی منتقل کر دیا گیا۔آئندہ کے لائحہ عمل کے تحت علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور فرار کے ممکنہ راستوں پر مؤثر ناکہ بندیاں قائم کر دی گئی ہیں۔
قریبی طبی مراکز کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ زخمی دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔ مزید برآں پولیس کے ساتھ مشترکہ مشقیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ان کے ردعمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں

