ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر قبضے کی ویڈیو جاری کر دی ہے جس میں مسلح اہلکاروں کو کارگو شپ پر چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی اسلامی انقلابی گارڈ کور کی جانب سے کی گئی جس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز آبنائے ہرمز میں دو جہازوں کو تحویل میں لے کر انہیں ایرانی ساحل کی جانب منتقل کیا گیا۔
جاری کردہ ویڈیو میں نقاب پوش اور مسلح اہلکاروں کو جہاز کے کنارے سے اندر داخل ہوتے دکھایا گیا ہے جبکہ جہاز کے عملے پر کنٹرول حاصل کرنے کے مناظر بھی سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا نے ایران کے مزید 3 آئل ٹینکر روک لیے، کشیدگی میں مزید اضافہ
پاسدارانِ بحریہ کے مطابق زیرِ تحویل لیے گئے جہازوں میں ایم ایس سی فرانسسکا اور ایپامینوڈس شامل ہیں جنہوں نے بغیر اجازت نیوی گیشن سسٹم میں خلل ڈالا اور آبنائے ہرمز میں سمندری سلامتی کو خطرے میں ڈالا جس کے باعث یہ کارروائی کی گئی۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شامل ہے جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ حالیہ دنوں میں ایران اور مغربی ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی نے اس علاقے کو ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

