آذربائیجان میں ہونے والے سی آئی ایس گیمز 2025 میں پاکستان کے محمد عبد الرحمٰن نے 65 کلوگرام کیٹیگری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیلاروس اور ترکمانستان کے پہلوانوں کو شکست دے کر پاکستان کے لیے برانز میڈل حاصل کیا ہے۔
یہ کامیابی پاکستان ریسلنگ کے لیے عالمی سطح پر ایک اہم سنگِ میل ہے، کیونکہ اس مقابلے میں دنیا کے ٹاپ ریسلنگ ممالک جیسے روس، بیلاروس، آذربائیجان، ازبکستان اور ترکمانستان نے حصہ لیا تھا۔
پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے صدر ارشد ستار نے کہا کہ وہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ریسلنگ کو خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ریسلرز نے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے عالمی مقابلوں میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔
اسی طرح، جنرل سیکریٹری انعام بٹ نے کوچ فرید علی، پہلوان محمد عبد الرحمٰن اور ان کی فیملی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی توجہ نوجوان کھلاڑیوں پر ہے اور وہ آئندہ ایشین یوتھ گیمز میں بھی ملک و قوم کا نام مزید روشن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ کامیابی پاکستان کے ریسلنگ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے اور ملک میں ریسلنگ کی ترقی اور فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔