صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز نے افغانستان کی سرحدی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی جانب سے اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ملک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے، ایسے وقت میں جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اپنے بیان میں صدر زرداری نے کہاکہ ’ملک کا مؤقف اپنی علاقائی سالمیت کے بارے میں مکمل طور پر واضح اور غیر متزلزل ہے۔
فیلڈ مارشل کی قیادت میں افغان فورسز کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا، وزیراعظم شہباز شریف
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بلااشتعال اشتعال انگیزی کی سخت مذمت کی ہے اور پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور فیلڈ مارشل کی بےباک قیادت میں پاکستان نے افغان فوج کو منہ توڑ جواب دیا، جس کے نتیجے میں افغانستان کی متعدد پوسٹس تباہ ہوئیں اور وہ پسپائی پر مجبور ہوئے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کے دفاع پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود عناصر کی حمایت حاصل ہے، پاکستان نے افغان حکومت کو ان کے ٹھکانوں اور کارروائیوں کی متعدد بار معلومات فراہم کی ہیں، اور توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے میں سنجیدہ ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی افغان اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی اور پاک فوج کو دلیری سے جوابی کارروائی کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج پوری قوم کی عزت، غیرت اور وقار کی علمبردار ہے اور افغان جارحیت کا جواب ہمیشہ کی طرح جرات، دانشمندی اور قومی اتحاد سے دیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی سرحدیں مقدس امانت ہیں اور ان کی حفاظت ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغان جارحیت کا جواب یہ واضح پیغام ہے کہ پاک سرزمین امن کی ضامن ہے، کمزوری کی علامت نہیں۔ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن ملک کی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب سرحدی کشیدگی بڑھ رہی ہے اور پاک فوج نے اپنی صلاحیتوں اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی حفاظت کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔