افغانستان کی جانب سے بلااشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پاک فوج کے بہادر جوانوں نے افغان فوجیوں اور بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر (پراکسیز) کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔
عسکری ذرائع کے مطابق، حملے کے دوران پاک فوج نے انتہائی پیشہ ورانہ اور دلیرانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی پراکسیز کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا ہے، جبکہ کئی اہم چوکیوں پر دوبارہ قبضہ حاصل کرکے وہاں پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ افغان سرحدی حدود سے کی جانے والی فائرنگ اور دراندازی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا گیا۔ افغان طالبان کے ساتھ ساتھ فتنہ الخوارج کے دہشتگرد عناصر بھی شدید فائرنگ کے بعد لاشیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
بارڈر پر افغان فوجی چوکیوں پر قبضے اور بھارتی پراکسیز کی پسپائی کے بعد ایک فوجی جوان نے بارڈر سے انتہائی جذباتی پیغام جاری کیا ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ ’الحمد اللہ! ہم نے افغان فوجیوں اور بھارتی پراکسیز کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔’ہم نے قبضہ کی گئی چوکیوں پر پاکستانی پرچم لہرا دیے ہیں اور دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاک سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع ہم ہر قیمت پر کریں گے‘۔
میدان جنگ سے موصول ہونے والی ویڈیوز اور بیانات میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کی جوابی کارروائی کے دوران اللہ اکبر کے نعروں سے فضا گونجتی رہی اور ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔ جوانوں کا حوصلہ بلند اور عزم غیر متزلزل نظر آیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ وطن عزیز کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار اور مستعد ہیں۔
عسکری ذرائع کے مطابق، افغان جانب سے فائرنگ کا آغاز بغیر کسی اشتعال کے کیا گیا، جس پر پاک فوج نے فوری اور فیصلہ کن جواب دیا۔ متعدد دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جبکہ کئی چوکیوں پر دشمن عناصر کا قبضہ ختم کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی عوام کی جانب سے بھی پاک فوج کے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر قوم نے فوجی جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ‘ہماری فوج جاگ رہی ہے، اور دشمن کو ہمیشہ کی طرح منہ توڑ جواب دے رہی ہے‘۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق، افغانستان کی جانب سے حالیہ جارحیت ایک منظم منصوبہ بندی کا حصہ لگتی ہے جس میں بھارتی پراکسیز کے کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم، پاکستان کی مسلح افواج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
مزید کارروائی کے خدشات کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ پاکستان کی قیادت نے واضح کر دیا ہے کہ وطن عزیز کی سالمیت اور خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔