بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی حکام نے عمران خان اور دیگر ملزمان کے خلاف چالان جمع کروا دیا ہے، جس میں عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس کا مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق رجسٹرار آفس نے چالان کی اسکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے، اور کیس کی سماعت کل کے لیے اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ کی عدالت میں مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت 11 ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف ممالک سے پارٹی کے اکاؤنٹس میں تقریباً 1800 ٹرانزیکشنز کے ذریعے فنڈنگ کی، جن میں 21 لاکھ ڈالر کی مبینہ غیر قانونی رقوم “نیا پاکستان” کے نام پر موصول ہوئیں۔ کچھ رقم “ووٹ آن کرکٹ لمیٹڈ” نامی کمپنی کے ذریعے بھی بھیجی گئی ہیں۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے نیب کیس میں سزا کے خلاف اپیل بھی سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقرر کی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف کل اس کیس کی سماعت کریں گے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا ہے کہ عدالتی عملے نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کل 11 بجے اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقرر کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وکیل کے مطابق اس کیس کی سماعت میں اب تک 18 مرتبہ تاریخیں پڑ چکی ہیں، اور ہر بار پراسیکیوشن کی جانب سے التوا کی درخواست دی گئی ہے، جس میں تبادلہ، عذر یا بیماری کا بہانہ بنایا جاتا رہا ہے۔