وزٹ ویزا پر سعودی عرب آنے والے افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،حج صرف ان افراد کے لیے ممکن ہے جن کے پاس باقاعدہ حج پرمٹ موجود ہو، جبکہ کسی بھی قسم کا وزٹ ویزا رکھنے والے افراد اس فریضے کی ادائیگی کے اہل نہیں ہوں گے
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ حج ایک منظم اور انتہائی حساس مذہبی فریضہ ہے جس کے دوران لاکھوں افراد حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ کا رخ کرتے ہیں اس لیے اس عمل میں نظم و ضبط اور سیکیورٹی کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
اسی مقصد کے تحت سخت قواعد و ضوابط نافذ کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی یا ہجوم کے مسائل سے بچا جا سکے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام زائرین کے لیے لازم ہے کہ وہ حج سیزن کے دوران مقررہ طریقہ کار پر مکمل عمل کریں اور صرف قانونی اجازت ناموں کے ساتھ ہی عبادت کی ادائیگی کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین کا احترام کریں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ حج کے دوران بہترین سہولیات اور محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔ وزارت داخلہ کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد حجاج کرام کی حفاظت، بہتر انتظامات اور عبادات کے دوران نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہے۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حج سیزن کے دوران دنیا بھر سے لاکھوں افراد مقدس مقامات کا رخ کرتے ہیں، اور انتظامی دباؤ بڑھ جاتا ہے۔